کاہنہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، ساتھی فرار
06-11-2026
(لاہور نیوز) کاہنہ کے علاقے میں ہئیر پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ہئیر پولیس نے ناکہ بندی کررکھی تھی کہ اس دوران موٹرسائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد وہاں پہنچے۔ پولیس نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے مبینہ طور پر پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس اہلکاروں نے گاڑی کی اوٹ لے کر اپنی جان بچائی۔ فائرنگ رکنے کے بعد موقع کا جائزہ لیا گیا تو ارسلان ولد وارث، سکنہ لدھڑ، زخمی حالت میں پایا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوا۔ زخمی ملزم کو فوری طورپر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ دوسرا ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔