جھوٹی 15 کالز کرنیوالے 2 افراد گرفتار، ڈکیتی کے من گھڑت ڈراموں کا انکشاف

06-10-2026

(لاہور نیوز) کاہنہ پولیس نے جھوٹی 15 کالز کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، ان افراد نے مختلف وجوہات کی بنا پر پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی تھی۔

پولیس کے مطابق ملزمان کو ایل ڈی اے گول چکر اور نبی بخش سٹاپ کے علاقوں سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان میں یاسین اور عثمان شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم یاسین نے بلال نامی شخص کو ڈکیتی کے جھوٹے مقدمے میں پھنسانے کے لیے 15 پر کال کی، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا مذکورہ شخص کے ساتھ لین دین کے معاملے پر تنازع تھا۔ دوسری جانب ملزم عثمان نے مبینہ طور پر رقم خرد برد کرنے کے لیے خود کو زخمی کیا اور ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دے دی، پولیس کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش دونوں ملزمان زیادہ دیر تک حقائق چھپا نہ سکے اور انہوں نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا جبکہ ان کے قبضہ سے موٹر سائیکل اور نقد رقم بھی برآمد کر لی گئی۔