پنجاب حکومت کا لاہور میں جدید فلم اینڈ میوزک سکول قائم کرنے کا فیصلہ
06-10-2026
(لاہورنیوز) پنجاب حکومت نے لاہور میں جدید فلم اینڈ میوزک سکول قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے لیے 9 ارب 38 کروڑ 89 لاکھ روپے مالیت کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
فلم، موسیقی، تھیٹر اور پرفارمنگ آرٹس کی باقاعدہ تعلیم کے لیے تیار کیے گئے اس منصوبے کے تحت جولائی 2026 سے جون 2029 تک اسکول کی تعمیر مکمل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ منصوبے کے مطابق ایک لاکھ 44 ہزار 875 مربع فٹ رقبے پر مشتمل جدید عمارت تعمیر کی جائے گی، جس میں کلاس رومز، اسٹوڈیوز، تھیٹر اور دیگر تعلیمی سہولیات قائم کی جائیں گی۔ طلبہ کی عملی تربیت کے لیے ساؤنڈ پروف کلاس رومز، ریہرسل ہال، ریکارڈنگ اسٹوڈیوز اور جدید ڈیجیٹل آڈیو ویژول لیبارٹریاں بھی بنائی جائیں گی، اس کے علاوہ ادارے میں لائبریری، ریسرچ سینٹر، کیفے ٹیریا اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ حکومت کا مقصد لاہور کو علاقائی سطح پر ایک اہم ثقافتی مرکز بنانا اور ثقافتی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ منصوبے سے فنکاروں، اساتذہ، ٹیکنیشنز اور پروڈکشن اسٹاف کے لیے نئی پیشہ ورانہ مواقع پیدا ہونے کی بھی توقع ہے۔