فوڈ فراڈ کا بڑا منصوبہ ناکام، 17 ہزار 400 لٹر آئل ضبط
06-10-2026
(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے فوڈ فراڈ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے آلائشوں اور چربی سے غیر قانونی طور پر آئل تیار کرنے والے تین یونٹس پر چھاپے مار کر تین ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا، جبکہ بڑی مقدار میں مضر صحت آئل اور خام مال تلف کر دیا گیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے فوڈ سیفٹی ٹیم کے ہمراہ مولہنوال روہی نالہ کے قریب کارروائی کی، کارروائی کے دوران آلائشوں اور چربی سے آئل تیار کرنے والے تین یونٹس کو سیل کر دیا گیا اور ذمہ دار افراد کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق ملزمان چربی اور جانوروں کی آلائشوں سے قوانین کے خلاف آئل تیار کر رہے تھے، کارروائی کے دوران 17 ہزار 400 لٹر تیار شدہ آئل، 7 ہزار کلوگرام خام مال، آلائشیں اور چربی تلف کر دی گئی۔ سید موسیٰ رضا نے بتایا کہ چربی سے تیار کردہ آئل کی بائیو ڈیزل کمپنیوں کو سپلائی سے متعلق لازمی ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا، جبکہ کسی سوپ فیکٹری کے ساتھ معاہدے کے شواہد بھی پیش نہیں کئے جا سکے، مزید برآں ٹریسیبیلٹی ریکارڈ اور دیگر ضروری دستاویزات کی بھی عدم موجودگی پائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ غیر معیاری اور مضر صحت چربی سے تیار کردہ آئل کے خلاف پنجاب بھر میں آپریشنز جاری ہیں اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے مسلسل چیکنگ کا عمل جاری رکھا جا رہا ہے۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ چربی سے حاصل ہونے والا آئل صرف بائیو ڈیزل کمپنیوں کے استعمال کیلئے مخصوص ہے اور اس کے غیر قانونی استعمال یا فروخت کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔