رواں سال آئی جی پی کمپلینٹ سینٹر سے 53 ہزار سے زائد شکایات نمٹا دی گئیں
06-10-2026
(لاہور نیوز) پنجاب پولیس کے آئی جی پی کمپلینٹ سینٹر 1787 پر شہریوں کی شکایات کے ازالے کا عمل مؤثر انداز میں جاری ہے اور رواں سال موصول ہونے والی 53 ہزار سے زائد شکایات کو کامیابی سے حل کر لیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کو مقررہ ایس او پیز اور ٹائم لائن کے مطابق نمٹایا جا رہا ہے تاکہ سائلین کو بروقت انصاف اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے کہا ہے کہ 1787 آئی جی پی کمپلینٹ سینٹر کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید فعال کر دیا گیا ہے، تمام ضلعی پولیس افسران (ڈی پی اوز) کمپلینٹ سسٹم پر موصول ہونے والی شکایات کے فوری ازالے کیلئے معاملات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال آئی جی پی کمپلینٹ سینٹر 1787 پر مقدمات کے اندراج سے متعلق 25 ہزار 61 جبکہ سست تفتیش سے متعلق 12 ہزار 796 شکایات حل کی گئیں، اسی طرح پولیس سروسز سے متعلق 3 ہزار 884 اور محکمانہ امور و دیگر نوعیت کی 11 ہزار 834 شکایات کا بھی ازالہ کیا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق ملزمان کی گرفتاری سے متعلق 2 ہزار 859، ریکوری سے متعلق 4 ہزار 524 اور ناقص تفتیش سے متعلق 2 ہزار 627 شکایات نمٹائی گئیں، مزید برآں جھوٹے مقدمات کی منسوخی سے متعلق 1 ہزار 321 اور تبدیلیِ تفتیش سے متعلق 897 شکایات بھی حل کی گئیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر انہیں کسی پولیس اہلکار کے خلاف شکایت ہو تو وہ بلا جھجھک آئی جی پی کمپلینٹ سینٹر 1787 پر رابطہ کریں تاکہ ان کے مسائل کا شفاف اور بروقت ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔