پنجاب کی شاہراہوں پر اوورلوڈنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی، ملک صہیب احمد بھرتھ
06-10-2026
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر کی شاہراہوں پر ایکسل لوڈ مینجمنٹ اور اوور لوڈنگ کی روک تھام کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر انور، اسپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی، اس موقع پر صوبائی وزیر کو موجودہ قوانین، لوڈ مینجمنٹ کے طریقہ کار اور صوبے بھر میں قائم ویٹ اسٹیشنز کی کارکردگی اور صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے ہدایت کی کہ لوڈ مینجمنٹ کے نظام کا مکمل سروے کیا جائے، موجودہ قوانین کا جامع جائزہ لیا جائے اور مستقبل کے لائحہ عمل کیلئے واضح اور مؤثر طریقہ کار مرتب کیا جائے، انہوں نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے ایک افسر کو اس اہم ٹاسک کی نگرانی اور تکمیل کیلئے نامزد کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران صوبائی وزیر نے فیلڈ فارمیشنز سے صوبے بھر کے ویٹ اسٹیشنز کی موجودہ صورتحال پر مبنی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی، انہوں نے ہدایت کی کہ ویٹ اسٹیشنز کے اسٹرکچر، عمارتوں اور دستیاب سہولیات کے حوالے سے جامع رپورٹ پیش کی جائے۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے واضح کیا کہ پنجاب کی شاہراہوں پر اوور لوڈنگ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، اوور لوڈنگ کی روک تھام نہ صرف شاہراہوں کی پائیداری کیلئے ضروری ہے بلکہ ٹریفک حادثات کی روک تھام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق شاہراہوں پر لوڈ مینجمنٹ کو مؤثر بنانے اور اوور لوڈنگ کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ سڑکوں کے انفراسٹرکچر کو محفوظ بنایا جا سکے اور ٹریفک نظام کو مزید بہتر کیا جا سکے۔