پرائیویٹ سکولوں کا پیکٹا کے تحت بورڈ کا امتحان لینے کی تجویز
06-09-2026
(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت رواں سال سے پرائیویٹ سکولوں کو بھی پیکٹا کے تحت بورڈ امتحانی نظام میں شامل کرنے کی تجویز پر غور کر رہی ہے۔
یہ فیصلہ آٹھویں جماعت کے امتحانات میں آن سکرین مارکنگ کے کامیاب تجربے کے بعد زیر غور آیا ہے، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ گزشتہ تعلیمی سال پیکٹا کے تحت پنجاب بھر میں تقریباً 10 لاکھ طلبا کے آٹھویں جماعت کے امتحانات منعقد کئے گئے تھے، جن کے نتائج آن سکرین مارکنگ کے ذریعے صرف ڈیڑھ ماہ میں جاری کر دیئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ آن سکرین مارکنگ کے پورے عمل میں ایک فیصد بھی غلطی ثابت نہیں ہو سکی، جس سے اس نظام کی شفافیت اور مؤثریت ثابت ہوئی ہے۔ وزیر تعلیم کے مطابق 10 لاکھ طلبا کا آٹھویں جماعت کا بورڈ امتحان لینا ایک بڑا اور کامیاب تجربہ رہا، پیکٹا کا آن سکرین مارکنگ سسٹم کئی نجی تعلیمی اداروں کے موجودہ نظام سے زیادہ مؤثر اور قابل اعتماد ہے۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ آئندہ سال آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی، جبکہ پرائیویٹ سکولوں کو بھی اس نظام میں شامل کرنے کی تجاویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ صوبے بھر میں یکساں اور شفاف امتحانی نظام کو فروغ دیا جا سکے۔