مون سون بارشیں، سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامات یقینی بنانے کا حکم
06-09-2026
(لاہور نیوز) ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کی زیر صدارت اجلاس میں مون سون بارشوں، اربن فلڈنگ اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
پی ڈی ایم اے حکام نے مون سون پریپیئرڈنس پلان 2026، ہنگامی منصوبہ بندی، دستیاب وسائل اور ریسپانس میکنزم پر بریفنگ دی، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو مشینری، آلات اور وسائل کی تفصیلی رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو کمزور پشتوں، حفاظتی بندوں اور ممکنہ شگاف والے مقامات کے معائنے کی پیشرفت رپورٹ فوری پیش کرنے اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جامع انتظامات یقینی بنانے کا حکم دیا۔ اجلاس میں بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ سے بچاؤ، نالوں کی ڈی سلٹنگ، نکاسی آب کے منصوبوں، انخلا کے متبادل روٹس، ریسکیو اقدامات اور ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کی 24 گھنٹے فعالیت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی کہ مون سون سیزن سے قبل تمام انتظامات مکمل کئے جائیں اور اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ یقینی بنا کر عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔