اداکار منیب بٹ پر اغوا برائے تاوان کا کیس، عدالت میں پیشی

06-09-2026

(ویب ڈیسک) اداکار منیب بٹ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں اغوا برائے تاوان کے مقدمے کی سماعت کے دوران پیش ہوئے، جہاں عدالت نے ان کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک حفاظتی ریلیف برقرار رکھا۔

تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹ پولیس کی جانب سے درج کیے گئے مقدمے میں اداکار منیب بٹ کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمہ 23 اپریل کو متعال خان کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ منیب بٹ نے دیگر ملزمان کے ساتھ مل کر مدعی کو مبینہ طور پر اغوا کیا۔ پولیس کے مطابق مقدمے میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مبینہ طور پر ملزمان نے مغوی کو اغوا کے بعد اس کے اکاؤنٹ سے لاکھوں روپے مالیت کی کرپٹو کرنسی اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کی۔ تحقیقات کے مطابق پولیس نے مزید بتایا کہ کرپٹو کرنسی کی مبینہ منتقلی کے بعد متاثرہ شخص کو کورنگی کے علاقے میں چھوڑ دیا گیا۔ عدالت میں سماعت کے دوران منیب بٹ نے عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست دائر کی، جسے منظور کرتے ہوئے عدالت نے ان کی ضمانت میں توسیع کر دی۔ یاد رہے کہ مقدمہ ابتدائی مرحلے میں ہے اور پولیس کی جانب سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ عدالت نے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کر لی ہے۔