سی سی پی او لاہور کی زیر صدارت اجلاس، محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ
06-09-2026
(لاہور نیوز) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی سمیت مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز نے محرم الحرام کے دوران مجالس، جلوسوں کے روٹس اور شورٹی بانڈز سے متعلق بریفنگ دی، اس موقع پر سی سی پی او لاہور نے ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس پر واقع عمارتوں کے مالکان سے لئے گئے شورٹی بانڈز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ محرم الحرام میں قیامِ امن کیلئے بھرپور سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے اور تمام پولیس افسران حکومتی ایس او پیز کی روشنی میں سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیں، امن کمیٹیوں، منتظمین اور دیگر تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے جبکہ پولیس افسران لائسنس ہولڈرز اور منتظمین سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ سی سی پی او لاہور نے محرم الحرام سے قبل سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز تیز کرنے اور قانون شکن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کی ہدایت بھی جاری کی۔ بعد ازاں سی سی پی او لاہور کی زیر صدارت اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں دونوں ڈویژنز کی مجموعی کارکردگی، محرم سکیورٹی پلان، امن و امان اور کرائم کنٹرول کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر بلال صدیق کمیانہ نے واضح کیا کہ کسی بے گناہ شخص کو گرفتار نہ کیا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، انہوں نے شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ سی سی پی او لاہور نے منشیات کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئس اور ہیروئن سمیت تمام جدید اقسام کے نشوں کے خاتمے کیلئے بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے، انہوں نے اشتہاری مجرمان کی فوری گرفتاری اور ان کے سپلیمنٹری چالان بروقت عدالتوں میں جمع کروانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے ایس ڈی پی اوز کو اشتہاری مجرمان کے خلاف کارروائیوں کی خود نگرانی کرنے اور پولیس سافٹ ویئرز کے مؤثر استعمال کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا، ان کا کہنا تھا کہ جرائم کے خاتمے کیلئے پروایکٹیو پولیسنگ کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔