پنجاب کا پاسکو سے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا فیصلہ، فلورملوں کو 3300 روپے فی من ملے گی

06-09-2026

لاہور (حسن رضا) پنجاب حکومت نے صوبے میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے پاسکو سے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا فیصلہ کر لیا،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس اقدام کی منظوری دے دی ہے۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق صوبے میں آٹے کے نرخ اور گندم مارکیٹ کو مستحکم رکھنے کے لیے پاسکو سے گندم خریدی جائے گی جبکہ عوام کو سستا آٹا اور روٹی فراہم کرنے کے مقصد سے فلور ملوں کو گندم 3300 روپے فی من کے حساب سے دی جائے گی۔ پنجاب حکومت نے سندھ سے خیبر پختونخوا کو گندم کی فراہمی روکنے سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے کوئی شکایت رپورٹ نہیں ہوئی۔ حکومت کے مطابق پنجاب کے راستے گندم کی ترسیل میں رکاوٹ ڈالنے کے شواہد موجود نہیں ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں گندم کے ذخائر سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کرنے کا عمل جاری ہے اور مکمل معلومات تیاری کے مراحل میں ہیں۔ حکومت کے مطابق موجودہ فصل میں گندم کا دانہ نسبتاً چھوٹا ہے، اس لیے صوبے کی غذائی ضروریات کا جائزہ لینے کے لیے سٹاک کی تفصیلات مرتب کی جا رہی ہیں۔ پنجاب حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ صوبے کی غذائی ضروریات پوری ہونے کے بعد خیبر پختونخوا کو گندم کی فراہمی کی ذمہ داری بھی پوری کی جائے گی۔