لاہورمیں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی لہر، پارہ 42 ڈگری تک جانے کا امکان
06-09-2026
(لاہور نیوز) باغوں کے شہر لاہور میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا، محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ہیٹ ویو برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق فضا میں نمی کا تناسب 37 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں بارش کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں، جس کے باعث گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ 12 جون تک لاہور شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی زد میں رہے گا۔ ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔