مزنگ میں لیسکو ریکوری ٹیم پر اینٹوں سے حملہ، میٹر ریڈر زخمی
06-09-2026
(لاہور نیوز) مزنگ کے علاقے ٹیمپل روڈ میں لیسکو کی ریکوری ٹیم پر مبینہ طور پر اینٹوں سے حملہ کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں میٹر ریڈر عتیق احمد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق مزنگ سب ڈویژن سے تعلق رکھنے والے میٹر ریڈر عتیق احمد اور ریکوری ٹیم بجلی واجبات کی وصولی کے لیے علاقے میں موجود تھے۔ اسی دوران نامعلوم افراد نے ایک عمارت کی چھت سے ان پر اینٹیں پھینکنا شروع کر دیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایکسیئن سول لائنز ڈویژن شجاعت علی کی ہدایت پر ریکوری ٹیم علاقے میں کارروائی کے لیے گئی تھی۔ ریکوری ٹیم کو دیکھتے ہی بعض صارفین نے مبینہ طور پر حملہ کر دیا۔ حملے کے نتیجے میں میٹر ریڈر عتیق احمد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ متاثرہ اہلکار کا علاج جاری ہے۔ واقعہ کے بعد متعلقہ حکام نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ حملے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔