خواتین کیلئے خوشخبری، بجٹ میں میک اپ مصنوعات سستی ہونے کا امکان

06-09-2026

(ویب ڈیسک) آئندہ وفاقی بجٹ 2026-27 میں بیوٹی اور کاسمیٹکس سے متعلق شعبے کے لیے ممکنہ ریلیف پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق درآمدی میک اپ اور دیگر سامانِ زیبائش پرعائد ڈیوٹی میں کمی کی تجاویز زیرِ غور ہیں، جس سے صارفین اور کاروباری حلقوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ اطلاعات کے مطابق حکومت درآمدی بیوٹی مصنوعات پر عائد ڈیوٹی کی شرح 44 فیصد سے کم کرکے 40 فیصد تک لانے پر غور کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ بیوٹی پارلرز اور فٹنس سنٹرز میں استعمال ہونے والی درآمدی مشینری پر ٹیکسوں میں بھی ممکنہ کمی کی تجاویز سامنے آئی ہیں۔ ممکنہ ریلیف کی خبروں پر خواتین صارفین نے مثبت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کاسمیٹکس اب روزمرہ زندگی کا اہم حصہ بن چکے ہیں، تاہم مہنگائی اور بھاری ٹیکسوں کے باعث معیاری درآمدی مصنوعات کی قیمتیں عام خریدار کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ صرف ٹیکس میں کمی کے بجائے ان مصنوعات پر عائد ٹیکسوں کا مزید جائزہ لیا جائے تاکہ قیمتوں میں واضح کمی آسکے۔ دوسری جانب معاشی اور تجارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بیوٹی مصنوعات اور متعلقہ مشینری پر ٹیکسوں میں نرمی کی جاتی ہے تو اس کے مثبت اثرات پورے شعبے پر مرتب ہوں گے۔ ان کے مطابق اس اقدام سے صارفین کو ریلیف ملے گا، بیوٹی انڈسٹری میں سرمایہ کاری بڑھے گی اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔