نیب کی ریکوری مہم، سرمایہ کاری فراڈ متاثرین میں 46 کروڑ 20 لاکھ روپے تقسیم

06-09-2026

(لاہور نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے ہاؤسنگ اور سرمایہ کاری فراڈ کے مختلف مقدمات میں متاثرین کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے مجموعی طور پر 46 کروڑ 20 لاکھ روپے تقسیم کر دیئے۔

اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں چیئرمین نیب نذیر احمد بٹ نے متاثرین میں 1619 پے آرڈرز تقسیم کئے، نیب حکام کے مطابق مختلف فراڈ کیسز سے برآمد ہونے والی رقوم کو شفاف انداز میں متاثرین تک پہنچانے کا عمل مسلسل جاری ہے، اومیگا ریزیڈنشیا کیس کے پہلے مرحلے میں 500 متاثرین میں 14 کروڑ 50 لاکھ روپے تقسیم کئے گئے، جبکہ اس کیس میں مجموعی طور پر 1308 پے آرڈرز کے ذریعے ادائیگیاں کی گئیں۔ اسی طرح ایڈن ہاؤسنگ کیس میں 150 پے آرڈرز کے ذریعے 39 کروڑ 74 لاکھ روپے ادا کئے گئے، ایڈن کیس میں اب تک 11 ہزار متاثرین کو مجموعی طور پر 140 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی جا چکی ہیں۔ بیان کے مطابق نیب لاہور 5571 کلیمنٹس کو آن لائن طریقہ کار کے ذریعے 68 کروڑ 53 لاکھ روپے منتقل کر چکا ہے، علاوہ ازیں سوزوکی کیس میں 18 کروڑ 61 لاکھ 90 ہزار روپے جبکہ ابوذر ہاؤسنگ کیس کے متاثرین کو 6 کروڑ 75 لاکھ روپے ادا کئے گئے، ایک اور مقدمہ ریاست بنام ابرار حسین جعفری میں برآمد ہونے والی 22 لاکھ روپے کی رقم متعلقہ ادارے کے حوالے کر دی گئی ہے۔ نیب لاہور کے مطابق تمام رقوم کی وصولی اور تقسیم کا عمل ڈی جی نیب لاہور کی نگرانی میں مکمل کیا گیا، اس موقع پر چیئرمین نیب نذیر احمد بٹ نے کہا کہ مالیاتی فراڈ کے متاثرین کو ریلیف فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے اور لوٹی گئی قومی دولت کی بازیابی نیب کے بنیادی اہداف میں شامل ہے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ کسی بھی ہاؤسنگ منصوبے میں سرمایہ کاری سے قبل اس کا این او سی، لے آؤٹ پلان اور قانونی حیثیت ضرور چیک کریں تاکہ فراڈ سے بچا جا سکے۔ چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں شفافیت اور اصلاحات کیلئے اقدامات جاری ہیں، جبکہ برآمد شدہ رقوم کی بروقت اور شفاف تقسیم کو یقینی بنایا جا رہا ہے، نیب حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی ریلیف اور قومی دولت کی واپسی کیلئے کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔