پنجاب اسمبلی میں متعدد اہم بل پیش، مزید غور کیلئے قائمہ کمیٹیوں کے سپرد

06-08-2026

(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی میں مختلف شعبوں سے متعلق متعدد اہم بل پیش کر دیے گئے، جنہیں مزید غور و خوض اور سفارشات کے لیے دو ماہ کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے حوالے کر دیا گیا۔

ایوان میں پیش کیے جانے والے بلوں میں دی آغا خان پراپرٹیز سیکسیشن اینڈ ٹرانسفر بل 2026ء، دی پنجاب ٹرسٹس ترمیمی بل 2026ء اور دی پنجاب کنٹرول آف ہیبیچوئل آفینڈرز اینڈ اینٹی سوشل بی ہیویئر بل 2026ء شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دی قائداعظم انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز سرگودھا بل 2026ء، دی پبلک سیکٹر میڈیکل یونیورسٹیز ترمیمی بل 2026ء اور دی پنجاب کنسولیڈیشن آف ہولڈنگز بل 2026ء بھی ایوان میں پیش کیے گئے۔ پنجاب اسمبلی میں دی پنجاب سنٹر آف ایکسیلینس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم ترمیمی بل 2026ء اور دی اینٹی ٹیررازم پنجاب ترمیمی بل 2026ء بھی پیش کیے گئے، جن کا مقصد متعلقہ قوانین میں بہتری اور انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ ایوان میں دی سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی بل 2026ء اور دی پنجاب ویجیٹیبل مارکیٹ لاہور بل 2026ء بھی پیش کیے گئے، جن پر اراکین اسمبلی کی جانب سے آئندہ تفصیلی غور کیا جائے گا۔ اسمبلی کارروائی کے دوران تمام بلوں کو مزید جانچ پڑتال، مشاورت اور سفارشات کی تیاری کے لیے دو ماہ کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیا گیا، کمیٹیاں اپنی سفارشات مرتب کرنے کے بعد رپورٹ ایوان میں پیش کریں گی، جس کے بعد ان بلوں پر مزید قانون سازی کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔