خواتین کی آن لائن ہراسانی کے خلاف کریک ڈاؤن، 4 ملزمان گرفتار

06-08-2026

(لاہور نیوز) این سی سی آئی اے پنجاب نے خواتین کی آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ اور کردار کشی کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے لاہور اور فیصل آباد سے 4 ملزمان گرفتار کر لئے۔

ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر پنجاب محمد علی وسیم کی ہدایت پر مختلف کارروائیوں کے دوران سوشل میڈیا پر نازیبا اور توہین آمیز مواد شیئر کرنے کے الزام میں ملزم ندیم احمد کو گرفتار کیا گیا، ملزم کے قبضے سے موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل شواہد بھی تحویل میں  لے لئے گئے۔ ایک اور کارروائی میں ٹک ٹاک اور ٹک ٹاک لائیو کے ذریعے خواتین کے خلاف قابل اعتراض مواد نشر کرنے والے ملزم محمد احسان خان کو گرفتار کر لیا گیا۔ این سی سی آئی اے نے واٹس ایپ کے ذریعے ایک خاتون کی نجی تصاویر شیئر کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزام میں ملزم ذوالفقار کو بھی حراست میں  لے لیا، جبکہ اس کے قبضے سے فرانزک شواہد برآمد کئے گئے ہیں۔ اسی طرح خاتون کو بلیک میل کر کے 15 لاکھ روپے وصول کرنے والے خطرناک ملزم محمد ریحان کو بھی گرفتار کر لیا گیا، حکام کے مطابق ملزم  نے جعلی فیس بک آئی ڈی بنا کر خاتون کی قابل اعتراض تصاویر اور مواد اس کے رشتہ داروں کو بھی ارسال کیا تھا۔ ڈائریکٹر پنجاب محمد علی وسیم  نے کہا ہے کہ خواتین کی آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ اور کردار کشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور متاثرہ شہریوں کو ہر ممکن قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔