تمباکو نوشی مثانے کے کینسر کے خطرے کو بڑھا سکتی ہے، ماہرین صحت
06-08-2026
(ویب ڈیسک) ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ تمباکو نوشی مثانے کے کینسر کے خطرے کو چار گنا تک بڑھا سکتی ہے، پیشاب میں خون آنا اس بیماری کی ابتدائی اور اہم علامت ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق تمباکو نوشی عموماً پھیپھڑوں کے کینسر کے خطرے کو بڑھانے کیلئے مشہور ہے لیکن تمباکو نوشی مثانے کے کینسر کے خطرے کو بھی نمایاں طور پر بڑھا دیتی ہے۔ اس حوالے سے ایک بھارتی ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ تمباکو نوشی کرنے والے افراد میں مثانے کے کینسر کا خطرہ غیر تمباکو نوش افراد کے مقابلے میں دو سے چار گنا زیادہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے تمباکو کا استعمال اس بیماری کیلئے سب سے بڑے خطرات میں شمار ہوتا ہے۔ اس حوالے سے ماہر ڈاکٹر انکور بھٹناگر نے کہا کہ تمباکو نوشی مثانے کے کینسر کی ایک بڑی وجہ ہے، سگریٹ کے دھوئیں میں موجود سرطان پیدا کرنے والے کیمیائی مادے (کارسینوجینز) پھیپھڑوں کے ذریعے جسم میں جذب ہو کر خون کے راستے گردوں تک پہنچتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ کیمیائی مادے گردوں سے پیشاب میں خارج ہو جاتے ہیں، جب مثانہ پیشاب کو ذخیرہ کرتا ہے تو یہ مضر صحت مادے طویل عرصے تک مثانے کی اندرونی جھلی کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں، جس سے خلیات میں کینسر پیدا کرنے والی تبدیلیاں رونما ہو سکتی ہیں اور اس طرح یہ مثانے کے کینسر کا سبب بنتا ہے۔