لاہور پولیس کی کارروائی، بدنام زمانہ منشیات فروش شاہد گرفتار
06-08-2026
(لاہور نیوز) تھانہ ڈیفنس سی پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں خوف و ہراس کی علامت سمجھے جانے والے بدنام زمانہ منشیات فروش شاہد کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او ڈیفنس سی فریاد اشرف نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اسلحہ اور منشیات سمیت گرفتار کیا، ملزم کے قبضے سے 1370 گرام چرس اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا گیا۔ ایس پی کینٹ اختر نواز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او ڈیفنس سی فریاد اشرف اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ منشیات فروش عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ایس پی کینٹ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ منشیات جیسی سماجی برائی کے خاتمے کیلئے لاہور پولیس کا ساتھ دیں اور اپنے اردگرد مشکوک سرگرمیوں کی بروقت اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔