لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید گرمی کا راج برقرار رہنے کی پیشگوئی

06-08-2026

(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں خشک اور شدید گرمی کا راج برقرار ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں دن کا آغاز ہوتے ہی سورج  نے آگ برسانا شروع کر دی اور صبح کے وقت درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ لاہور میں دن کے ساتھ ساتھ راتوں میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے لگا ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے، محکمہ موسمیات کی جانب سے صوبے کے مختلف اضلاع میں 12 جون تک گرمی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، آئندہ ایک سے دو روز کے دوران گرمی کی شدت میں بتدریج مزید اضافہ متوقع ہے۔ دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے آئندہ ہفتے کیلئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے، ترجمان کے مطابق 8 سے 12 جون تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کی لہر کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک براہ راست دھوپ سے بچیں، زیادہ پانی پئیں اور غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز کرتے ہوئے خود کو ہائیڈریٹ رکھیں۔