شہری ایمبولینس اور ایمرجنسی گاڑیوں کا سائرن سنتے ہیں فوری راستہ دیں، سی ٹی او لاہور

06-08-2026

(لاہور نیوز) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر لاہور ٹریفک پولیس نے "آئیں ایمبولینس کو راستہ دیں، کیونکہ پہلا حق زندگی کا" کے عنوان سے خصوصی آگاہی مہم شروع کر دی۔

سی ٹی او لاہور  نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایمبولینس اور دیگر ایمرجنسی گاڑیوں کا سائرن سنتے ہی فوری طور پر راستہ دیں تاکہ مریضوں اور ہنگامی صورتحال سے دوچار افراد کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ انہوں  نے ٹریفک وارڈنز کو ہدایت کی ہے کہ ایمبولینسوں اور دیگر ایمرجنسی گاڑیوں کیلئے سڑکوں پر راستہ ہر صورت کلیئر رکھا جائے اور انہیں سگنل فری گزرنے میں معاونت فراہم کی جائے۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے ایمبولینس ڈرائیورز کو بھی ہدایت کی کہ غیر ضروری طور پر سائرن اور ہوٹر کا استعمال نہ کریں اور صرف حقیقی ایمرجنسی کی صورت میں ہی ان کا استعمال کیا جائے۔ سی ٹی او لاہور  نے شہر کے مختلف ہسپتالوں کے گردونواح کا دورہ بھی کیا، اس دوران پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) کے باہر رانگ پارکنگ کا خاتمہ کروایا گیا اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے گئے۔ انہوں  نے سرکل افسران کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں کے باہر ٹریفک انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے اور ایمرجنسی گیٹس کے سامنے کسی قسم کی تجاوزات، ریڑھیاں یا غیر ضروری رکشہ سٹینڈ قائم نہ ہونے دیئے جائیں۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ایمرجنسی گاڑیوں کو فوری راستہ فراہم کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں آگاہی مہم کا مقصد شہریوں میں احساس ذمہ داری کو فروغ دینا ہے۔