4500 روپے کیلئے 45 سالہ شہری کے اندھے قتل کا معمہ حل

06-07-2026

(لاہور نیوز) تھانہ یکی گیٹ کے علاقے میں پولیس نے 45 سالہ شہری عاصم کے اندھے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان نے شہری عاصم کو صرف 4500 روپے کی رقم ہتھیانے کے لیے قتل کیا، واردات کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے اور کافی عرصے سے روپوش تھے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے اس سنگین قتل کا نوٹس لیا، جس کے بعد ایس پی انویسٹی گیشن سٹی فرحت عباس کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ کارروائی انچارج انویسٹی گیشن تھانہ ذکی گیٹ عائشہ اعظم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کی۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے مقتول کے گلے میں رسی کا پھندا ڈال کر اسے بے دردی سے قتل کیا۔ تفتیشی ٹیم نے جدید تکنیکی ذرائع، انسانی معلومات اور خفیہ انٹیلی جنس کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور کیس کے دیگر پہلوؤں کو بھی دیکھا جا رہا ہے۔