پنجاب: پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے "کیو آر پینک بٹن سسٹم" متعارف، ایمرجنسی میں فوری پولیس مدد ممکن
06-07-2026
(لاہور نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے عوامی تحفظ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے "سی ایم پنجاب کیو آر پینک بٹن سسٹم" متعارف کرا دیا ہے۔
اس نظام کے تحت پنجاب بھر کی بسوں، ویگنوں، رکشوں، ٹیکسیوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں کیو آر پینک بٹن نصب کیا جائے گا۔ سیف سٹیز حکام کے مطابق شہری پبلک سیفٹی ایپ اور سیف سٹی ویب سائٹ کے ذریعے گھر بیٹھے مفت کیو آر پینک بٹن حاصل کر سکیں گے۔ مسافر سفر کے آغاز پر کیو آر کوڈ اسکین کرکے گاڑی، مالک اور ڈرائیور کی تصدیق شدہ معلومات تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔ نئے سسٹم میں کال، ویڈیو کال، لائیو چیٹ، لوکیشن شیئرنگ، گاڑی کی تصدیق اور فوری پولیس رسپانس سمیت 12 جدید فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔ ہنگامی صورتحال میں مسافر کیو آر پینک بٹن کے ذریعے 15 پر کال، ویڈیو کال یا لائیو چیٹ کے ذریعے فوری طور پر سیف سٹی کنٹرول روم سے رابطہ کر سکیں گے، جبکہ ان کی لائیو لوکیشن اور گاڑی کا ڈیٹا بھی فوری طور پر کنٹرول روم کو موصول ہو جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے ذریعے بروقت کارروائی اور رسپانس کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈرائیورز بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اسی نظام کے ذریعے فوری مدد حاصل کر سکیں گے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ کیو آر پینک بٹن پولیس اور شہریوں کے درمیان فوری رابطے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوگا اور خواتین، بزرگ شہریوں، طلبہ سمیت روزانہ سفر کرنے والے لاکھوں افراد کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور سمارٹ پولیسنگ کے امتزاج سے پنجاب میں عوامی تحفظ کا نیا معیار قائم کیا جا رہا ہے۔ ایم ڈی سیف سٹی احسن یونس کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر کی پبلک ٹرانسپورٹ کو ڈیجیٹل سیفٹی نیٹ ورک میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ ہر شہری کو بروقت مدد اور فوری رسپانس فراہم کیا جا سکے۔