ملاوٹ سے پاک خوراک ہر شہری کا بنیادی حق ہے: مریم نواز شریف

06-07-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ محفوظ اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور غیر محفوظ خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں اور غذائی قلت کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے تحفظِ خوراک کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ زراعت، غذائی نظام اور ترسیل سے وابستہ ہر فرد تحفظِ خوراک کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ان کے مطابق یہ دن خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں اور خطرات کی روک تھام، بروقت نشاندہی اور مؤثر انتظام کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب زرعی وسائل، زرخیز زمین اور محنتی کسانوں سے مالا مال ہے، تاہم موسمیاتی تبدیلی، پانی کی قلت، آبادی میں اضافہ اور خوراک کے بدلتے رجحانات جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمتِ عملی پر کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت زرعی پیداوار میں اضافے اور موسمیاتی اثرات میں کمی کے لیے تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو ملاوٹ، کیمیکلز اور غیر معیاری اشیاء سے پاک، خالص اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی صوبہ بھر میں معیاری خوراک کی فراہمی اور ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خوراک کے ضیاع کی روک تھام کے لیے شادیوں اور دیگر تقریبات میں ون ڈش پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے، جبکہ چھوٹے دکانداروں اور ریڑھی بانوں کی سطح پر خوراک کے معیار اور حفظانِ صحت کے اصولوں کو بہتر بنانے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ مریم نواز شریف نے عوام بالخصوص بچوں اور نوجوانوں کو جنک فوڈ کے بجائے متوازن اور صحت بخش غذا کے استعمال کی ترغیب دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔