ایس پی ماڈل ٹاؤن کا امام بارگاہوں اور جلوس روٹس کا سکیورٹی جائزہ
06-07-2026
(لاہور نیوز) ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نے محرم الحرام کے سلسلے میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ایس پی اسد علی نے ماڈل ٹاؤن اور شادمان کے جلوس روٹس کا معائنہ کیا اور اس دوران امام بارگاہوں کے منتظمین اور متولیان سے ملاقات بھی کی۔ ملاقات کے دوران سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ منتظمین کی جانب سے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ دورے کے موقع پر متعلقہ سرکل افسران اور ایس ایچ اوز نے ایس پی ماڈل ٹاؤن کو سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ایس پی اسد علی نے ہدایت کی کہ امام بارگاہوں میں آنے والے تمام افراد کی مکمل چیکنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عزاداروں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔