لاہورمیں آج موٹرسائیکل پر تین سوار افراد کیخلاف خصوصی جنرل ہولڈ اپ کا اعلان
06-07-2026
(لاہور نیوز) سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے کم عمر ڈرائیورز، بغیر لائسنس گاڑی و موٹرسائیکل چلانے والوں اور موٹرسائیکل پر تین سوار افراد کے خلاف آج خصوصی جنرل ہولڈ اپ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران کم عمر ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ چالان کے ساتھ کم عمر ڈرائیور کی گاڑی یا موٹرسائیکل بھی بند کر دی جائے گی، جبکہ والدین سے آئندہ بچوں کو گاڑی یا موٹرسائیکل نہ دینے کی تحریری ضمانت بھی لی جائے گی۔ سی ٹی او کا کہنا ہے کہ تعطیل کے دنوں میں اکثر بچے موٹرسائیکل، گاڑیاں اور رکشے لے کر سڑکوں پر نکل آتے ہیں، جو اپنی اور دیگر شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ 18 سال سے کم عمر افراد کو کسی صورت گاڑی یا موٹرسائیکل چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے موٹرسائیکل پر تین سوار افراد کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ عبدالرحیم شیرازی کے مطابق لرنر پرمٹ رکھنے والے افراد کو بھی تنہا گاڑی یا موٹرسائیکل چلانے کی اجازت نہیں ہے۔ سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر 5 ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل چلانے پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے لائسنس دفاتر کے باہر خصوصی ہولڈ اپ بھی کیا جائے گا تاکہ بغیر لائسنس موٹرسائیکل سواروں کے ڈرائیونگ لائسنس بنوائے جا سکیں۔ انہوں نے تمام سرکل افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی نگرانی میں کریک ڈاؤن کو مؤثر بنائیں اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ کم عمر ڈرائیونگ اور بغیر لائسنس گاڑی چلانا کسی صورت قابل قبول نہیں، اور شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔