سی ٹی او لاہور رات گئے ناکوں پر پہنچ گئے، ہیوی ٹریفک کیخلاف کریک ڈاؤن کا جائزہ

06-07-2026

(لاہور نیوز) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور عبدالرحیم شیرازی نے رات گئے شہر کے داخلی و خارجی ناکوں کا دورہ کیا اور ہیوی ٹریفک کے خلاف جاری جنرل ہولڈ اپ مہم کا جائزہ لیا۔

سی ٹی او نے گجومتہ ناکے کا خصوصی دورہ کیا جہاں انہوں نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور کمرشل گاڑیوں کی چیکنگ کے عمل کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایس پی صدر حافظ خضر زمان اور ڈی ایس پی ماڈل ٹاؤن شہزاد بھنڈر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق سڑک حادثات کی روک تھام اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے شہر کے تمام داخلی راستوں پر جنرل ہولڈ اپ کیا گیا۔ مہم کے دوران بغیر ڈرائیونگ لائسنس، فٹنس سرٹیفکیٹ اور مناسب لائٹس کے کمرشل گاڑیوں کے شہر میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا کہ صرف ویلیڈ لائسنس رکھنے والی کمرشل گاڑیوں کو شہر میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہائی بیم لائٹس، خراب یا بغیر بیک لائٹس والی کمرشل گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے تمام ڈویژنل اور سرکل افسران کو ہدایت جاری کی کہ وہ خود ناکوں پر موجود رہ کر چیکنگ کے عمل کی نگرانی کریں اور قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔