یوٹیوبر ندیم مبارک عرف نانی والا کے خلاف مقدمہ درج

06-07-2026

(ویب ڈیسک) معروف یوٹیوبر ندیم مبارک عرف نانی والا کے خلاف ٹریفک اہلکار کو دھمکیاں دینے کے الزام میں تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ ٹریفک پولیس اہلکار فہد الرحمٰن کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں غفلت اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ، کارِ سرکار میں مداخلت اور دیگر متعلقہ دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ٹریفک پولیس نے کالے شیشوں والی ایک غیر رجسٹرڈ گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے تیز رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ون وے پر گاڑی دوڑا دی۔ مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تعاقب کے دوران ڈرائیور نے سرکاری اہلکاروں کی گاڑی کو ٹکر مارنے کی کوشش بھی کی۔ بعد ازاں ملزم نے گاڑی ڈیفنس فیز 7 میں واقع اپنے گھر کے باہر کھڑی کر دی۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے موقع پر موجود ٹریفک پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں دیں اور آن ڈیوٹی افسران کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت ندیم مبارک ولد مبارک علی کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ واقعہ کے حوالے سے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔