یونس خان اور محمد حفیظ کو اہم ذمہ داریاں ملنے کی توقع

06-06-2026

(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں انتظامی اور کوچنگ سیٹ اپ میں بڑے فیصلوں کی تیاریاں جاری ہیں، جبکہ سابق قومی کپتانوں کو اہم ذمہ داریاں سونپے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق یونس خان کو قومی ٹیسٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ انہیں قومی سلیکشن کمیٹی میں بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کپتان محمد حفیظ کو ڈائریکٹر کرکٹ انٹرنیشنل مقرر کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ انہیں سلیکشن کمیٹی میں بھی اہم ذمہ داری دی جا سکتی ہے۔ دوسری جانب ٹیسٹ کپتان شان مسعود کی قیادت میں تبدیلی کے حوالے سے بھی مشاورت جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق موجودہ ٹیسٹ ٹیم کے کوچ سرفراز احمد کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ہے، تاہم انہیں پاکستان شاہینز کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھنے کی پیشکش کی جا سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ کے انتظامی ڈھانچے اور کوچنگ سیٹ اپ میں اہم تقرریوں اور تبدیلیوں پر اعلیٰ سطح پر غور و خوض جاری ہے، جبکہ حتمی فیصلوں کا اعلان آئندہ دنوں میں متوقع ہے۔ واضح رہے کہ پی سی بی کی جانب سے تاحال ان ممکنہ تقرریوں اور تبدیلیوں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔