حکومت ڈیزل کی قیمتوں میں بھی کمی کرے، ٹرانسپورٹرز کا مطالبہ
06-06-2026
(لاہور نیوز) پٹرول کی قیمت میں حالیہ کمی کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ سے وابستہ ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز نے حکومت سے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی کمی کا مطالبہ کیا ہے۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ حکومت نے اگرچہ پٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لٹر کمی کی ہے، تاہم ان کی زیادہ تر گاڑیاں ڈیزل پر چلتی ہیں، جس کے باعث انہیں اس فیصلے سے کوئی بڑا ریلیف حاصل نہیں ہوا۔ ڈرائیورز کے مطابق ڈیزل کی قیمتیں برقرار رہنے کے باعث ان کے آپریشنل اخراجات بدستور بلند ہیں، جن میں ایندھن، گاڑیوں کی مرمت اور روزمرہ اخراجات شامل ہیں، موجودہ حالات میں کرایوں میں اضافہ بھی ممکن نہیں رہا، جس سے آمدنی اور اخراجات میں توازن برقرار رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد نے کہا کہ ایک طرف مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ دوسری جانب ڈیزل کی بلند قیمتیں ان کے معاشی مسائل میں مزید اضافہ کر رہی ہیں۔ ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ عوامی ریلیف کیلئے پٹرول کے ساتھ ساتھ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے۔