وزیراعظم کی قیادت میں پاک چین معاشی تعاون نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہے: ملک احمد خان

06-06-2026

(لاہور نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاک چین معاشی تعاون نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے لاہور میں تعینات چین کے قونصل جنرل سن یان کی اسمبلی چیمبر میں ملاقات ہوئی ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورۂ پاک چین تعلقات میں اہم سنگِ میل ثابت ہوا، چینی قیادت کے ساتھ ہونے والی ملاقاتیں انتہائی مفید، بامقصد اور نتیجہ خیز رہیں، دورۂ چین کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر بروقت عملدرآمد ناگزیر ہے۔ ملاقات میں ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ پاک چین سٹریٹجک شراکت داری دونوں ممالک کے مشترکہ مستقبل کی ضمانت ہے، سی پیک پاکستان کی اقتصادی ترقی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا، خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری سے روزگار اور صنعتی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کے ثمرات عوام تک پہنچنا چاہئیں، پارلیمانی سفارت کاری پاکستان اور چین کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور تعاون کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرے گی جبکہ پاک چین دوستی آزمودہ، لازوال اور فولادی رشتہ ہے، چین پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا قابلِ اعتماد شراکت دار ہے۔ چینی قونصل جنرل سن یان نے کہا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے، تعلیمی اور ثقافتی روابط کے فروغ سے دونوں ممالک کے عوام مزید قریب آئیں گے تاہم پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔