گیس بحران برقرار، شہری مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور

06-06-2026

(لاہور نیوز) شہر میں سوئی گیس کی قلت اور کم پریشر کا مسئلہ بدستور برقرار ہے جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

صارفین کے مطابق حکومت کی جانب سے مقررہ اوقات کار کے باوجود گیس کی فراہمی تسلسل کے ساتھ یقینی نہیں بنائی جا رہی، جس سے روزمرہ گھریلو امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ گیس کی عدم دستیابی کے باعث ایل پی جی کے استعمال میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، تاہم مارکیٹ میں اس کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں، شہریوں کو ایل پی جی 430 سے 460 روپے فی کلوگرام تک فروخت کی جا رہی ہے، جس سے گھریلو اخراجات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ سوئی گیس کے باقاعدہ بل ادا کرنے کے باوجود بنیادی سہولت سے محروم ہیں اور مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں، ان کے مطابق اس صورتحال کا سب سے زیادہ بوجھ متوسط اور سفید پوش طبقے پر پڑ رہا ہے۔ متاثرہ شہریوں  نے مطالبہ کیا ہے کہ سوئی گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور ایل پی جی کی قیمتوں کو سرکاری نرخوں کے مطابق رکھنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔