وزیراعلیٰ مریم نواز کا مزید 10 اضلاع میں ماڈل ایگریکلچر مالز کے قیام کا حکم

06-06-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے مزید 10 اضلاع میں ماڈل ایگریکلچر مالز کے قیام کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

اس وقت ملتان، بہاولپور، ساہیوال اور سرگودھا میں ماڈل ایگریکلچر مالز فعال ہیں جہاں کاشتکاروں کو زرعی مداخل، زرعی ماہرین سے مشاورت، جدید زرعی سہولیات اور دیگر خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں۔ حکومتی اعلامیے کے مطابق ماڈل ایگریکلچر مالز میں کاشتکاروں کو جدید ترین زرعی مشینری اور آلات کرائے پر حاصل کرنے کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ منصوبے کا انتظام و انصرام جی سی سی آئی نجی شعبے کے اشتراک سے انجام دے رہی ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، خانیوال، راجن پور، وہاڑی، رحیم یار خان، اٹک اور میانوالی سمیت دیگر اضلاع میں بھی ماڈل ایگریکلچر مالز قائم کیے جائیں گے۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کے کاشتکاروں کی سہولت اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جدید زرعی سہولیات کی فراہمی سے کسانوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور ان کی معاشی حالت مزید بہتر بنے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں مرحلہ وار ماڈل ایگریکلچر مالز قائم کیے جائیں گے تاکہ کسانوں کو جدید زرعی خدمات تک آسان رسائی حاصل ہو سکے۔