پنجاب فوڈ اتھارٹی کا صحت دشمن مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن، 16 یونٹس بند
06-06-2026
(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت دشمن عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی۔
اس دوران سندر اسٹیٹ، ایم ایم عالم روڈ، کماہاں اور مضافاتی علاقوں میں 125 فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کی چیکنگ کی، کارروائی کے دوران 16 یونٹس کو بند جبکہ 7 فوڈ کاروباروں کو مجموعی طور پر 9 لاکھ 95 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کے مطابق آپریشن کے دوران 60 ہزار کلو آلائشیں، 300 لٹر چربی، 40 ہزار استعمال شدہ ڈھکن، 900 لٹر مشکوک محلول اور 3500 لٹر استعمال شدہ آئل تلف کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سنیکس تیار کرنے والے بعض یونٹس سے ناقص اور مضر صحت آئل برآمد ہونے پر انہیں بند کر دیا گیا، جبکہ ایک مقام پر معروف برانڈ کے لیبل لگا کر جعلی کاربونیٹڈ مشروبات کی فلنگ بھی کی جا رہی تھی۔ معائنہ ٹیموں کو مختلف یونٹس میں صفائی کے ناقص انتظامات، دیواروں اور پائپوں میں فنگس، تیار اشیاء پر تاریخِ اجراء اور تنسیخ کی عدم موجودگی، فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل و ٹریننگ سرٹیفکیٹس کی کمی اور سٹوریج کے غیر معیاری انتظامات بھی ملے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ زیادہ منافع کی خاطر عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کو کسی صورت کاروبار کی اجازت نہیں دی جائے گی، انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ خوراک سے متعلق شکایات کی صورت میں فوڈ سیفٹی ہیلپ لائن 1223 پر فوری اطلاع دیں۔