وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی زیرصدارت ہارٹیکلچر اتھارٹی کے بورڈ اجلاس میں اہم فیصلے
06-06-2026
:وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کے بورڈ اجلاس میں ادارے کی کارکردگی، شفافیت اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں دکانوں کے سائن بورڈز کی فیس وصولی کا نظام محکمہ ایکسائز کے ذریعے آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ فیسوں کی وصولی کی شرح میں اضافہ اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے محکمہ ایکسائز کو انتظامی اخراجات کی ادائیگی جمع شدہ فیس کے پول سے مخصوص طریقہ کار کے تحت کی جائے گی۔ بورڈ اجلاس میں نئی قائم شدہ ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے لیے آپریشنل گاڑیوں کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے مرحلہ وار ڈیجیٹلائزیشن پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر ہاؤسنگ نے ہدایت کی کہ کارکردگی، شفافیت، ریکارڈ مینجمنٹ، مانیٹرنگ اور پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لیے جدید ڈیش بورڈز تیار کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے انتظامی اور مالیاتی امور کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔ اجلاس میں انتظامی اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے فیصلے بھی کیے گئے۔ گریڈ 15 اور اس سے اوپر کے افسران کے تبادلوں اور تعیناتیوں کے اختیارات ڈائریکٹر جنرل کو تفویض کیے گئے، جبکہ گریڈ 7 سے 14 کے ملازمین کے لیے یہ اختیارات ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز کو اور گریڈ 1 سے 6 کے ملازمین کے لیے ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس کو سونپ دیے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ منصور احمد نے کہا کہ پی ایچ ایز کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔