پنجاب پولیس کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن،28ہزار مقدمات درج
06-06-2026
(لاہور نیوز)پنجاب پولیس نے بجلی چوری کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران رواں سال بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے ہزاروں مقدمات درج اور بڑی تعداد میں ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبہ بھر میں بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف 28 ہزار 216 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ لاہور سمیت مختلف اضلاع سے 20 ہزار 345 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق بجلی چوری کے 17 ہزار 839 مقدمات کے چالان مکمل کر کے عدالتوں میں جمع کروائے جا چکے ہیں، جبکہ 2482 ملزمان کو سزائیں اور جرمانے بھی دلوائے گئے ہیں۔ لاہور میں بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں کے دوران 7298 مقدمات درج کیے گئے اور 7932 بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا۔ عبدالکریم نے بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید مؤثر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے خاتمے اور توانائی کے شعبے کو درپیش نقصانات کم کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔