محرم الحرام: پنجاب میں ہائی سکیورٹی الرٹ، محکمہ داخلہ کی جامع ہدایات جاری
06-05-2026
(لاہور نیوز) محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے صوبہ بھر کے اضلاع کو تفصیلی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
محکمہ داخلہ کے مطابق محرم الحرام میں صرف منظور شدہ اور لائسنس یافتہ جلوسوں اور مجالس کی اجازت ہوگی جبکہ تمام مذہبی اجتماعات مقررہ اوقات، روایات اور اجازت ناموں کے مطابق منعقد ہوں گے۔ ترجمان محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ امام بارگاہوں، جلوسوں، حساس تنصیبات، مارکیٹوں اور رش والے مقامات پر خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔ بڑے جلوسوں کے راستوں اور ملحقہ علاقوں کا مکمل سکیورٹی سروے اور معائنہ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ کے مطابق جلوسوں اور مجالس کے اطراف ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے، جبکہ پارکنگ ایریاز امام بارگاہوں اور مجالس سے کم از کم 500 گز دور قائم کیے جائیں گے۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، جسمانی تلاشی اور ملٹی لیئر سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ حساس جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر سنائپرز کی تعیناتی اور ضرورت پڑنے پر سگنل جیمرز کے استعمال کی بھی اجازت دی گئی ہے۔ نیاز، لنگر اور سبیلوں کی سپیشل برانچ، پنجاب فوڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں سے جانچ پڑتال کروانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ خواتین عزاداروں کی سکیورٹی کے لیے خواتین پولیس اہلکار تعینات کی جائیں گی۔ محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ مجالس کے دوران کسی بھی فرقے یا مسلک کے خلاف قابل اعتراض گفتگو کی اجازت نہیں ہوگی۔ فرقہ وارانہ، اشتعال انگیز یا نفرت آمیز مواد کی تشہیر پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے گی اور خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ہدایات کے مطابق فورتھ شیڈول میں شامل افراد اور کالعدم تنظیموں سے وابستہ عناصر کی کڑی نگرانی کی جائے گی، جبکہ سوشل میڈیا، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر فرقہ وارانہ مواد کی روک تھام کے لیے مؤثر سائبر مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔ صوبے کے داخلی و خارجی راستوں، بین الصوبائی بارڈرز اور کچے کے علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کرنے، ڈرون سرویلنس بڑھانے اور تمام افراد، گاڑیوں اور سامان کی مکمل چیکنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ نے تمام اضلاع کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع پلان مرتب کرکے ارسال کرنے کا حکم دیا ہے۔ ہسپتالوں، ریسکیو 1122، بم ڈسپوزل سکواڈ، فائر بریگیڈ اور دیگر امدادی اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں، ڈویژنل اور ضلعی کنٹرول رومز کو 24 گھنٹے فعال رکھنے، امن کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کرنے اور عوامی آگاہی مہم چلانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے تاکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔