جمعہ سکیورٹی پلان نافذ، داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی مزید سخت

06-05-2026

(لاہور نیوز) جمعۃ المبارک کے موقع پر شہر بھر کی مساجد، امام بارگاہوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں، اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کے احکامات جاری کئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز  نے حساس مقامات پر سنائپرز تعینات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ناکوں پر چیکنگ کا عمل مؤثر بنایا جائے اور کوئی بھی مشکوک گاڑی یا شخص مکمل تلاشی کے بغیر داخل نہ ہونے پائے۔ انہوں نے مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف گشت میں اضافے کا حکم دیتے ہوئے سپروائزری افسران کو ہدایت کی کہ وہ نمازِ جمعہ کی سکیورٹی انتظامات کا خود فیلڈ میں جا کر جائزہ لیں، سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات تمام افسران اور جوان مکمل الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔ احکامات کے مطابق موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو عبادت گاہوں سے مناسب فاصلے پر پارک کروایا جائے گا جبکہ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور پٹرولنگ یونٹس مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف مسلسل گشت جاری رکھیں گے۔