اقتصادی رابطہ کمیٹی نے متعدد منصوبوں کیلئے گرانٹس کی منظوری دے دی

06-05-2026

(لاہورنیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں متعدد منصوبوں کے لیے اربوں روپے کی گرانٹس کی منظوری دے دی گئی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پائیدار ترقیاتی اہداف پروگرام کیلئے 7 ارب 2 کروڑ 63 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کر لی۔ ای سی سی نے پاک بحریہ کے ہنگور پراجیکٹ کیلئے 10 ارب 15 کروڑ، اسلام آباد پیس ٹاکس کے سکیورٹی انتظامات کیلئے 69 کروڑ 29 لاکھ، اسلام آباد میں امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ دھماکے کے متاثرین کیلئے 24 کروڑ 10 لاکھ روپے منظور کئے۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان لینڈ پورٹس اتھارٹی کی آپریشنل ضروریات کیلئے 52 کروڑ 80 لاکھ، پاکستان کوسٹ گارڈز کیلئے فاسٹ پیٹرول بوٹس اور انفراسٹرکچر کی خریداری کیلئے 80 کروڑ، اسلام آباد سیف سٹی توسیعی منصوبے کیلئے 1 ارب 88 کروڑ 37 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ای سی سی نے نیکٹا کی آپریشنل ضروریات کیلئے 15 کروڑ، ریکوڈک منصوبے کے سکیورٹی اخراجات کیلئے 41 کروڑ 39 لاکھ، پی ٹی وی ملازمین کی جون 2026 کی تنخواہوں کیلئے 73 کروڑ 30 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔   اعلامیہ کے مطابق ضلع شگر گلگت بلتستان میں ٹیلی کام ٹاورز کی تنصیب کیلئے 18 کروڑ 35 لاکھ، پارلیمانی سیکرٹریز کی تنخواہوں و الاؤنسز کیلئے 11 کروڑ 99 لاکھ، کراچی اور حیدرآباد اربن انفراسٹرکچر پیکجز کیلئے 8 ارب 75 کروڑ 89 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ ای سی سی نے خیبر پختونخوا میں ایس اے پی منصوبوں کیلئے 2 ارب 84 کروڑ، پاکستان منٹ کی اپ گریڈیشن منصوبے کیلئے 1 ارب 30 کروڑ، گلگت بلتستان کے جاری اخراجات اور ترجیحی منصوبوں کیلئے 4 ارب 37 کروڑ 70 لاکھ روپے منظور کئے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے نے بجٹ آنریریم پالیسی کی منظوری دے دی، وزارت تجارت، وزارت قانون اور اے جی پی آر بھی اہل اداروں میں شامل ہیں۔ ای سی سی اجلاس میں آئی پی او پاکستان کے مالی سال 2025-26 کے بجٹ تخمینوں، اینگرو ووپک ٹرمینل لمیٹڈ کی آپریشنل سرگرمیوں کے تسلسل کی منظوری دی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان سٹیٹ آئل کیلئے 100 ارب روپے تک کی سنڈیکیٹڈ فنانسنگ سہولت جاری رکھنے، سینرجیکو کے ساتھ ڈیڈ آف سیٹلمنٹ کے نظرثانی شدہ فریم ورک کی منظوری دی، ڈیڈ آف سیٹلمنٹ کی منظوری سے ریفائنری اپ گریڈیشن کی راہ ہموار ہوگی۔ ای سی سی نے اقتصادی امور ڈویژن کیلئے رہائشی کرایوں کی ادائیگی کیلئے 2 کروڑ 99 لاکھ، پارلیمنٹ ہاؤس کی جامعہ مسجد کی توسیع اور اپ گریڈیشن کیلئے 3 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔