لاہور: پولیس افسران کیلئے نئی سوشل میڈیا پالیسی نافذ، خلاف ورزی پر کارروائی ہو گی

06-05-2026

(لاہور نیوز) وردی کے اختیارات کے ممکنہ ناجائز استعمال کی روک تھام اور محکمانہ نظم و ضبط کو یقینی بنانے کیلئے لاہور پولیس نے افسران کے لیے نئی سوشل میڈیا پالیسی نافذ کر دی ہے۔

نئے حکم نامے کے مطابق ایس ایچ اوز، انسپکٹرز، سب انسپکٹرز اور اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (اے ایس آئیز) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے باوردی تصاویر اور ویڈیوز ہٹا دیں۔ پالیسی کے تحت پولیس افسران کو ذاتی فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر یونیفارم میں تصاویر یا ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، اس کے علاوہ افسران وردی میں ذاتی سرگرمیوں سے متعلق مواد بھی اپنے پرسنل اکاؤنٹس پر شیئر نہیں کر سکیں گے۔ حکام کے مطابق پہلے سے موجود باوردی تصاویر بھی ذاتی اکاؤنٹس سے ہٹانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے جبکہ وردی میں تصاویر اور ویڈیوز صرف سرکاری اور مجاز پولیس اکاؤنٹس کے ذریعے شیئر کی جا سکیں گی۔ لاہور پولیس نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کا مقصد پولیس فورس کے پیشہ ورانہ تشخص کو برقرار رکھنا اور سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق قواعد و ضوابط کو مزید مؤثر بنانا ہے۔