سٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ، ہنڈرڈ انڈیکس منفی زون میں بند ہوا

06-05-2026

(لاہورنیوز) سٹاک مارکیٹ میں تیزی کے بعد مندی چھاگئی جس کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس منفی زون میں بند ہوا۔

  کاروباری ہفتے کے پانچویں اور آخری روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری سرگرمیوں کے آغاز پر تیزی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا، جہاں انڈیکس 500 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ٹریڈ کرتا رہا۔ ٹریڈنگ کے دوران کاروبار کا مثبت رجحان برقرار رہا تاہم کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 696 پوائنٹس کی کمی کیساتھ ایک لاکھ 70 ہزار 478 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ سٹاک مارکیٹ میں آج 16 ارب 97 کروڑ 72 لاکھ 61 ہزار 421 روپے مالیت کے 17 کروڑ 49 لاکھ 45 ہزار 92 شیئرز کا لین دین ہوا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس 984 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 71 ہزار 175 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔