بورڈ آف ریونیو پنجاب کے بجٹ میں 52 ارب مختص کرنے کی تجویز
06-05-2026
(لاہور نیوز) بورڈ آف ریونیو پنجاب کے بجٹ میں 52 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دیدی گئی۔
ذرائع کے مطابق 27 نئی ترقیاتی سکیموں کے بجٹ کاحجم 1703 کروڑ روپے تیار کر لیا گیا، 7 اضلاع میں ریکارڈ ڈیجیٹل کرنے کیلئے 9 کروڑ روپے مختص کئے جائیں گے، بہاولنگر اور بہاولپور میں 53 کروڑ روپے سے دیہی سڑکوں اور لنکس کی تعمیر کی جائے گی۔ لاہور میں 12 کروڑ روپے سے انٹیگریٹڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سسٹم قائم کیا جائے گا، پنجاب بھر میں ڈی سیز اور کمشنر دفاتر کی تعمیر و بحالی کیلئے 50 کروڑ روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ بورڈ آف ریونیو کے جاری منصوبوں کیلئے 55 کروڑ 98 لاکھ روپے جاری کئے جائیں گے، دریائے چناب کے کٹاؤ سے بچاؤ کیلئے 5 کروڑ روپے مختص کئے جائیں گے۔ کوٹ ادو اورمری ڈی سی کمپلیکس اور ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کی تعمیر کے لیے 5، 5 کروڑ روپے منظور کئے جائیں گے، چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے 53 کروڑ، کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 29 کروڑ روپے مختص کئے جائیں گے۔ سیلاب سے بچاؤ کیلئے 4 کروڑ روپے کا ڈیزاسٹر رِسک ریڈکشن پراجیکٹ منظور کیا جائے گا،بورڈ آف ریونیو کے جاری منصوبوں کیلئے 33 کروڑ 60 لاکھ روپے مختص کئے جائیں گے، نئے منصوبوں کیلئے 482 کروڑ روپے کی تجویز ہے۔ حافظ آباد ڈی سی آفس اور کیمپ آفس میں 50 کلو واٹ کے 2 سولر سسٹمز کی تنصیب کیلئے 6 کروڑ روپے جاری کئے جائیں گے، میانوالی دریائے سندھ کو کٹاؤ سے بچاؤ کیلئے 5 کروڑ روپے کا منصوبہ منظور کیا جائے گا۔ راولپنڈی اور اٹک میں اے سی ہاؤس اور ڈی سی آفس کی تزئین و آرائش کے لئے کروڑوں روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، پسرور اور ڈسکہ میں تحصیل کمپلیکس کی بہتری کیلئے بھی 4 کروڑ 63 لاکھ روپے مختص کئے جارہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے ضلعی کمپلیکس میں خواتین اور معذور افراد کیلئے واش رومز کی تعمیر کا اعلان بھی کیا ہے۔