آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات میں فرائض انجام دینے والا عملہ معاوضوں سے محروم

06-05-2026

(ویب ڈیسک) آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات میں فرائض انجام دینے والا نگران اور امتحانی عملہ دو ماہ گزرنے کے باوجود اپنے معاوضوں کی ادائیگی سے محروم ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور میں آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات میں 5 ہزار اساتذہ نے نگرانی کے فرائض سرانجام دیئے جبکہ ایک ہزار اساتذہ  نے پیپر مارکنگ میں حصہ لیا، امتحانات کیلئے شہر بھر میں 300 امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے جہاں 80 ہزار سے زائد امیدواروں  نے شرکت کی۔ حکام کی جانب سے نگران عملے کیلئے 4 ہزار روپے یومیہ جبکہ سپرنٹنڈنٹس کیلئے 5 ہزار روپے یومیہ معاوضے کا اعلان کیا گیا تھا، اسی طرح پیپر چیک کرنے والے ایگزمینرز کو 25 روپے فی پرچہ معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ تاہم امتحانات اور نتائج مکمل ہونے کے باوجود ادائیگیاں تاحال نہیں کی جا سکیں، آٹھویں بورڈ کے امتحانات کے نتائج کا اعلان 10 اپریل کو کیا گیا تھا، لیکن اس کے بعد بھی امتحانی عملہ اپنے واجبات کا منتظر ہے۔ متاثرہ اساتذہ اور امتحانی عملے  نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے معاوضے فوری طور پر ادا کئے جائیں تاکہ ان میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے۔