پنجاب کے پبلک ٹرانسپورٹ فلیٹ میں 2000 الیکٹرک بسیں شامل کرنے کا فیصلہ

06-05-2026

(لاہور نیوز) حکومت نے آئندہ مالی سال کیلئے پنجاب کے پبلک ٹرانسپورٹ فلیٹ میں 2000 الیکٹرک بسیں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

آئندہ مالی سال کیلئے پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بڑے پیمانے پر توسیعی منصوبوں کی تیاری مکمل کر لی گئی، جس کے تحت مجموعی طور پر ٹرانسپورٹ منصوبوں کا حجم 200 ارب روپے سے زائد رکھنے کی سفارشات مرتب کی گئی ہیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے بھیجی گئی تجاویز کے مطابق آئندہ سال پبلک ٹرانسپورٹ فلیٹ میں 2000 الیکٹرک بسیں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ صوبے کے مختلف شہروں میں الیکٹرک بسوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔ منصوبوں میں لاہور سے راولپنڈی فاسٹ ٹرین، مری گلاس ٹرین اور ریلوے کے 8 ٹریکس کی اپ گریڈیشن کو بھی آئندہ مالی سال کی ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔ طلبہ کیلئے 50 ہزار الیکٹرک بائیکس اور بیروزگار نوجوانوں کیلئے 5 ہزار ای ٹیکسی سکیم بھی منصوبہ بندی کا حصہ ہیں، جن کا مقصد روزگار کے مواقع بڑھانا اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا ہے۔ مزید برآں لاہور میں کلمہ چوک سے استنبول چوک تک اے آر ٹی (ART) سسٹم کو فعال کرنے کا منصوبہ بھی شامل کیا گیا ہے، جبکہ گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں بھی اسی طرز کے ٹرانسپورٹ سسٹم کے منصوبے زیر غور ہیں۔ حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد شہریوں کو جدید، تیز رفتار اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنا ہے، جس سے ٹریفک کے مسائل میں کمی اور عوامی ٹرانسپورٹ کے معیار میں بہتری متوقع ہے۔