بادامی باغ میں مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

06-05-2026

(لاہور نیوز) بادامی باغ کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔

پولیس کے مطابق ریلوے پھاٹک کے قریب دو موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم انہوں نے رکنے کے بجائے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی، پولیس نے تعاقب کیا اور ملزمان مسلسل فائرنگ کرتے رہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مچھلی منڈی کے قریب ملزمان موٹر سائیکل کا توازن برقرار  نہ رکھ سکے اور گر پڑے، جس کے نتیجے میں ایک ملزم مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا اور گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دوسرا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ گرفتار زخمی ملزم کی شناخت علی رضا کے نام سے ہوئی ہے، ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق ملزم ڈکیتی، چوری، گینگ چھینا جھپٹی اور غیر قانونی اسلحہ سمیت 50 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر کے اسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔