79 اضلاع میں ایک کروڑ 86 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی گئی
06-05-2026
(لاہور نیوز) وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو عائشہ رضا فاروق کی زیر صدارت پولیو جائزہ اجلاس میں حالیہ انسداد پولیو مہم کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
نیشنل ای او سی کے مطابق ملک کے 79 اضلاع میں ایک کروڑ 86 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے، پنجاب میں 60 لاکھ 60 ہزار، سندھ میں 57 لاکھ 40 ہزار، خیبرپختونخوا میں 43 لاکھ 90 ہزار، بلوچستان میں 19 لاکھ 60 ہزار جبکہ اسلام آباد میں 4 لاکھ 35 ہزار بچوں کو ویکسین دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ مہم کی کامیابی پولیو ورکرز کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے اور پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے مسلسل معیاری ویکسینیشن مہمات ناگزیر ہیں۔ نیشنل ای او سی کے مطابق ابتدائی طور پر 2.1 فیصد بچے عدم دستیابی کے باعث ویکسین سے محروم رہ گئے تھے، تاہم فالو اپ سرگرمیوں کے ذریعے ان میں سے 88 فیصد بچوں تک کامیابی سے رسائی حاصل کر لی گئی۔