بغیر لائسنس اور فٹنس سرٹیفکیٹ کمرشل گاڑیوں کا شہر میں داخلہ بند
06-05-2026
(لاہور نیوز) ٹریفک حادثات کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ٹریفک پولیس نے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور نے اعلان کیا ہے کہ آج سے صرف ویلڈ لائسنس رکھنے والی کمرشل گاڑیاں ہی شہر میں داخل ہو سکیں گی۔ سی ٹی او کے مطابق بغیر ڈرائیونگ لائسنس، بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور بغیر فرنٹ و بیک لائٹس والی کمرشل گاڑیوں کے شہر میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، اس کے علاوہ بغیر ترپال ڈھانپے ریت، مٹی یا دیگر سامان لے جانے والی لوڈر ٹریکٹر ٹرالیوں کو بھی سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر جنرل ہولڈ اپ اور خصوصی چیکنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ ایس پیز اور ڈی ایس پیز خود اس کریک ڈاؤن کی نگرانی کریں گے تاکہ قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ سی ٹی او نے ہدایت جاری کی ہے کہ ہائی بیم استعمال کرنے والی اور بغیر بیک لائٹس کمرشل گاڑیوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، سموگ کے خدشات کے پیش نظر فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی گاڑی کو شہر میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس موقع پر سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے، انہوں نے کمرشل ڈرائیورز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ڈرائیونگ لائسنس، فٹنس سرٹیفکیٹس اور دیگر ضروری دستاویزات ہر وقت اپنے ساتھ رکھیں۔