شاہدرہ ٹاؤن: نالے سے خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد، مقدمہ درج

06-04-2026

(لاہور نیوز) شاہدرہ ٹاؤن میں برکت نالہ سے ایک نامعلوم خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد ہونے کے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور لاش کو نالے سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرتے ہوئے شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ خاتون کی شناخت اور قتل کے محرکات سمیت تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش جاری ہے۔ ایس پی سٹی عاطف امیر کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر زاویے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور شواہد کی بنیاد پر ملزمان تک پہنچنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس واقعے میں ملوث افراد کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔