پنجاب حکومت کا جدید تعلیم کی جانب اہم قدم، اے آئی سکول منصوبہ تیار

06-04-2026

(لاہور نیوز) نجاب حکومت نے تعلیمی نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کیلئے لاہور میں 81 کروڑ روپے کی لاگت سے دو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سکول قائم کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا۔

حکام کے مطابق ان سکولوں میں طلبہ کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس، روبوٹکس اور جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم فراہم کی جائے گی تاکہ انہیں مستقبل کے ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ منصوبے کے تحت سکولوں میں سمارٹ کلاس رومز، جدید کمپیوٹر لیبز اور جدید تعلیمی سہولیات قائم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے خصوصی اے آئی ٹریننگ پروگرام متعارف کرانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مہارتوں اور مستقبل کی ملازمتوں کے لیے تیار کرنا ہے تاکہ وہ عالمی سطح پر مقابلے کی صلاحیت حاصل کر سکیں۔ حکام کے مطابق مجوزہ اے آئی سکول عالمی معیار کی جدید تعلیمی سہولیات سے آراستہ ہوں گے اور صوبے میں ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔