عالمی یوم آگاہی شیزوفرینیا پر لاہور جنرل ہسپتال میں واک اور تقریب کاانعقاد
06-04-2026
(لاہور نیوز) لاہور جنرل ہسپتال میں عالمی یوم آگاہی برائے شیزوفرینیا کے موقع پر شعبہ نفسیات کے زیر اہتمام آگاہی واک اور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
لاہورجنرل ہسپتال میں منعقدہ اس آگاہی واک میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹرفاروق افضل،ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ شعبہ امراض نفسیات پروفیسر فائزہ اطہر، نامور ڈاکٹرز، ہیلتھ پروفیشنلز، میڈیکل طلبہ اور پیرامیڈیکل سٹاف نے شرکت کی، واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر شیزوفرینیا کے مریضوں کے ساتھ ہمدردانہ رویے، ان کی عزتِ نفس کی بحالی اور بروقت طبی امداد کی اہمیت پر مبنی نعرے اور پیغامات درج تھے۔ پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے کہا کہ ذہنی صحت، جسمانی صحت سے بھی زیادہ اہمیت کی حامل ہے جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کیونکہ جسمانی کمزوری یا معذوری کے ساتھ انسان کافی حد تک دوسروں کی مدد کے بغیر گزارہ کر سکتا ہے، تاہم ذہنی معذوری انسان کو کلی طور پر دوسروں کا محتاج بنا دیتی ہے۔ تقریب کے دوران شعبہ نفسیات کی جانب سے ایک خصوصی آگاہی خاکہ بھی پیش کیاگیا،جس میں شیزوفرینیا کے مریضوں کو درپیش سماجی مشکلات، خاندان کے کلیدی کردار اور بروقت طبی مداخلت کی ضرورت کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا، تقریب کے اختتام پر ذہنی صحت کے فروغ اور نفسیاتی بیماریوں سے وابستہ سماجی بدنامی کے خاتمے کے عزم کے ساتھ کیک بھی کاٹا گیا۔